سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(921) باجماعت نماز کے دوران آخری صف میں اکیلے نماز پڑھنا

  • 682
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-29
  • مشاہدات : 2306

سوال

 

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

با جماعت نماز کے دوران آخری صف میں اگر کوئی اکیلا موجود ہواور اس کی چند رکعتیں یا پوری نماز ہی اکیلے ادا ہوجائیں تو کیا اس کی نماز ادا ہوجائے گی؟ ازراہ کرم کتاب وسنت کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیرا


 

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

بغیر عذر کے کسی نمازی کے لیے اکیلے صف میں نماز پڑھنا درست نہیں ہے اور اس کی نماز مکمل نہیں ہو گی۔نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے :

( لا صلاة لفرد خلف الصف ) (صحیح ابن حبان :2203)

’’صف میں اکیلے شخص کی نماز نہیں ہے۔‘‘

لیکن اگر کوئی عذر ہو جیسا کہ پہلی صف میں بالکل بھی جگہ نہیں ہے تو اس صورت میں پچھلی صف میں اکیلے نماز پڑھنے کی صورت میں نماز ہو جائے گی۔جیسا کہ وضو کے متعلق نبی کریمﷺ نے فرمایا:

(لا صلاة لمن لا وضوء له) [أبو داود 101 وابن ماجة 399 ]

’’وضو کے بغیر نماز پڑھنے والے کی نماز نہیں ہے۔‘‘

لیکن اگر کوئی شخص وضو کی قدرت نہ رکھتا ہو تو تیمم کر کے نماز پڑھ سکتا ہے اور اس کی نماز درست ہو گی۔ اسی طرح جو صف میں شامل ہونے سے عاجز ہو وہ اکیلے صف میں نماز پڑھ لے تو نماز درست ہو گی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:

( إذا أمرتكم بأمر فأتوا منه ما استطعتم ) [ رواه البخاري 7288 ومسلم 1337 ] ،

’’جب میں تمھیں کسی چیز کا حکم دوں تو اپنی استطاعت کے مطابق بجا لاؤ۔‘‘

وبالله التوفيق

قرآن وحدیث کی روشنی میں احکام ومسائل

جلد 01 

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ