سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(478) کیا اپنے بھائی کو زکوٰۃ دی جاسکتی ہے ؟

  • 4846
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-29
  • مشاہدات : 1104

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا اپنے بھائی کو زکوٰۃ دی جاسکتی ہے ، اسی طرح بیٹے، بیٹی ،بہو وغیرہ کو بھی؟           (ابوطلحہ محمد اصغر)


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

انسان اپنے رشتہ داروں سے ان رشتہ داروں کے علاوہ جن کا نان و نفقہ اس کے ذمہ ہے، باقی تمام رشتہ داروں کو بھی صدقہ و زکوٰۃ دے سکتا ہے، بشرطیکہ وہ مستحقین صدقہ و زکوٰۃ کی فہرست میں شامل ہوتے ہوں۔ یاد رہے مستحقین صدقہ و زکوٰۃ صرف آٹھ ہیں۔

صدقہ و زکوٰۃ کے مصرف ہیں آٹھ …سورۂ توبہ کی آیت نمبر ہے ساٹھ

[سلمان بن عامر  رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اکرم  صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ مسکین کو زکوٰۃ دینا اکہراثواب ہے اور رشتہ دار کو زکوٰۃ دینا دوہرا ثواب ہے۔ ایک زکوٰۃ کا اور دوسرا صلہ رحمی کا۔‘‘ 1

عبداللہ  رضی اللہ عنہ کی بیوی زینب  رضی اللہ عنہما کہتی ہیں کہ میں نے مسجد میں رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلمکو دیکھا آپ نے فرمایا ’’صدقہ کرو ، اگرچہ اپنے زیوروں سے ہو‘‘ اور زینب  رضی اللہ عنہما عبداللہ  رضی اللہ عنہ پر اور کچھ یتیموں پر جو ان کی پرورش میں تھے، خرچ کیا کرتی تھیں۔ انہوں نے عبداللہ  رضی اللہ عنہ سے کہا نبی کریم  صلی الله علیہ وسلم سے پوچھو کہ اگر میں اپنا صدقہ اپنے خاوند اور چند یتیم بچوں کو جو میری پرورش میں ہیں دے دوں تو کیا درست ہے؟ عبداللہ  رضی اللہ عنہ نے کہا تم خود ہی جاکر نبی  صلی الله علیہ وسلم سے پوچھو۔ آخر زینب  رضی اللہ عنہما آپ صلی الله علیہ وسلم کے پاس آئیں۔ وہاں ایک انصاری عورت کو دروازے پر پایا ، وہ بھی میرے جیسا مسئلہ پوچھنے آئی تھی، اتنے میں بلال  رضی اللہ عنہ ہمارے سامنے سے نکلے ، ہم نے ان سے کہا کہ نبی اکرم  صلی الله علیہ وسلم سے پوچھو کہ اگر میں اپنے خاوند اور چند یتیموں کو جو میری پرورش میں ہیں، زکوٰۃ دوں تو کیا درست ہے؟ ہم نے کہا ہمارا نام نہ لینا۔ بلال  رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ دو عورتیں یہ مسئلہ پوچھتی ہیں۔ آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: کون سی عورتیں؟ بلال  رضی اللہ عنہ نے کہا: زینب نامی۔ آپؐ نے فرمایا: کون سی زینب؟ بلال رضی اللہ عنہ نے کہا: عبداللہ بن مسعود  رضی اللہ عنہ کی بیوی۔ آپ نے فرمایا:بے شک درست ہے اور ان کو دوگنا ثواب ملے گا۔ ایک تو قرابت داری کا اجر اور دوسرا زکوٰۃ کا اجر۔‘‘ 2                                                  ۱۷ ؍ ۵ ؍ ۱۴۲۱ھ

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1 جامع ترمذی ؍ ابواب الزکاۃ ؍ باب الصدقۃ علی ذی القرابۃ ، صحیح ابن ماجہ:۱۸۴۴ ، صحیح سنن نسائی للألبانی الجزء الثانی رقم الحدیث:۲۴۲۰

2 صحیح بخاری ؍ کتاب الزکاۃ ؍ باب الزکاۃ علی الزوج والایتام فی الحجر


قرآن وحدیث کی روشنی میں احکام ومسائل

جلد 02 ص 414

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ