سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(484) ايسے وسائل جن سے رمضان میں زیادہ نیکیاں ملیں؟

  • 18091
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-19
  • مشاہدات : 924

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

وہ کیا امور یا وسائل ہیں جنہیں اختیار کر کے کوئی مسلمان خاتون رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں کما سکتی ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اہم ترین ذرائع یا وسائل، جو کسی بھی مسلمان، مرد ہو یا عورت، کے لیے رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کا باعث اور معاون ہو سکتے ہیں، درج ذیل ہیں:

1۔ اللہ کا خوف اور یہ عقیدہ رکھنا کہ اللہ عزوجل بندے کے تمام طرح کے اعمال، افعال، اقوال حتیٰ کہ ارادوں تک سے آگاہ ہے، اور ان پر وہ بندے کا محاسبہ کرے گا۔ بندے کو جب کامل طور پر یہ شعور حاصل ہو جاتا ہے تو وہ یقینا اللہ کی اطاعت میں مشغول ہوجاتا ہے، نافرمانیوں سے بچتا ہے اور گناہوں سے توبہ کرنے میں جلدی کرتا ہے۔

2۔ کثرت سے اللہ کا ذکر کرنا اور قرآن مجید کی تلاوت، کیونکہ اس سے دل نرم ہوتے ہیں۔ اللہ عزوجل کا فرمان ہے:

﴿ الَّذينَ ءامَنوا وَتَطمَئِنُّ قُلوبُهُم بِذِكرِ اللَّهِ أَلا بِذِكرِ اللَّهِ تَطمَئِنُّ القُلوبُ ﴿٢٨﴾... سورةالرعد

’’اللہ کے منتخب بندے وہ لوگ ہیں جو اللہ پر ایمان رکھتے ہیں اور ان کے دل اللہ کی یاد سے اطمینان پاتے ہیں۔ خبردار! اللہ کے ذکر سے دل اطمینان پاتے ہیں۔‘‘

3۔ ایسی چیزوں سے اجتناب کرنا جو اللہ سے دور کرنے والی اور دل کو سخت کر دینے والی ہوں، اور اس سے مراد ہے ہر طرح کے گناہ، بدقماش لوگوں سے میل جول، حرام کھانا، اللہ کے ذکر سے غفلت اور گندی فلمیں وغیرہ دیکھنا۔

4۔ اور عورت کے لیے بالخصوص یہ ہے کہ وہ اپنے گھر میں رہے، انتہائی ضرورت کے علاوہ باہر جانے سے اجتناب کرے، اور اپنی ضرورت پوری ہو جانے پر فورا گھر واپس آ جائے۔

5۔ رات کو پوری نیند لینا۔ بندی جب رات کو بروقت سو جاتا ہے تو اسے پچھلی رات قیام کے لیے اٹھنا آسان ہو جاتا ہے۔ اور دن کے وقت مناسب نیند لے، تاکہ نمازیں بروقت ادا کر سکے، اور اپنے اوقات کو نیکی اور اباعت کے کاموں میں مشغول کرے۔

6۔ زبان کو غیبت، طغلی، جھوٹ اور حرام گفتگو سے بچائے اور اس کی بجائے اللہ کے ذکر میں مشغول کرے۔

    ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

احکام و مسائل، خواتین کا انسائیکلوپیڈیا

صفحہ نمبر 371

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ