سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(124) ہدایت اور گمراہی دونوں اللہ کے اختیار میں ہے تو پھر انسان قصور وار کیوں؟

  • 2318
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-19
  • مشاہدات : 4819

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

قرآنِ مجید میں ارشادِ ربانی ہے: ﴿ وَاللّٰہُ یَھْدِیْ مَنْ یَّشَآءُ - یُضِلُّ بِه مَنْ یَّشَآءُ ﴾ ہدایت اور گمراہی دونوں اللہ کے اختیار میں ہیں ۔ تو انسان قصور وار کیوں؟  

_______________________________________________________

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

 آپ سوال میں لکھتے ہیں، قرآنِ مجید میں ارشادِ ربانی ہے: ﴿ وَاللّٰہُ یَھْدِیْ مَنْ یَّشَآءُ - یُضِلُّ بِه مَنْ یَّشَآءُ ﴾قرآنِ مجید میں ارشادِ ربانی ان الفاظ کے ساتھ مجھے تو نہیں ملا۔ آپ برائے مہربانی ذرا سورت اور آیت نمبر کی نشاندہی فرمادیں۔ بڑی نوزاش ہوگی۔

سوال یہ بنایا گیا ہے ’’ ہدایت اور گمراہی دونوں (اللہ تعالیٰ ) کے اختیار میں ہیں تو انسان قصور وار کیوں؟ ‘‘ تو جواباً عرض ہے قرآنِ مجید کی کئی ایک آیات میں بتایا گیا ہے کہ رزق اللہ تعالیٰ ہی دیتا ہے۔ ایک مقام پر فرمایا:

﴿إِنَّ اللَّـهَ هُوَ الرَّ‌زَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِينُ (٥٨)﴾ (الذاریات)

[ ’’ اللہ تعالیٰ تو خود ہی سب کا روزی رساں توانائی والا اور زور آور ہے۔‘‘ ]تو ان سوال کرنے والے صاحب سے آپ پوچھیں جب رزق اللہ تعالیٰ ہی دیتا ہے رزق اللہ تعالیٰ ہی کے اختیار میں ہے تو پھر انسان رزق کی خاطرمارے مارے کیوں پھرتا ہے؟ دکان ڈالتا ہے ، فیکٹری لگاتا ہے ، مزدوری کرتا ہے، ملازمت اختیار کرتا ہے اور زراعت و کاشتکاری کرتا ہے۔ آخر یہ سارے اور ان کے علاوہ اور دھندے کیوں؟ جبکہ رزق اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے:

﴿وَإِن مِّن شَيْءٍ إِلَّا عِندَنَا خَزَائِنُهُ وَمَا نُنَزِّلُهُ إِلَّا بِقَدَرٍ‌ مَّعْلُومٍ (٢١)﴾  (الحجر)

[’’ اور جتنی بھی چیزیں ہیں، ان سب کے خزانے ہمارے پاس ہیں اور ہم ہر چیز کو اس کے مقررہ انداز سے اتارتے ہیں۔‘‘]

پھر یُضِلُّ اللّٰہُ مَنْ یَّشَآء اور یَھْدِیْ مَنْ یَّشَآء میں یہ نہیں کہ ہدایت اور ضلالت انسان کے بس اور اختیار میں نہیں، جیساکہ سائل صاحب سمجھ رہے ہیں۔ صرف ’’ مَنْ یَّشَآء ‘‘کے لفظ آئے ہیں، جس سے انسان کی مشیت ، اس کے ارادے اور اختیار و قدرت کی نفی نہیں نکلتی۔ دیکھئے انسان کا کوئی کام بھی لے لیجئے۔ مثلاً: اس کا گھر سے نکل کر مکان یا کارخانے یا دفتر میں جانا ، اللہ تعالیٰ کی مشیت، اس کے ارادے اوراختیار و قدرت سے ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:

﴿وَمَا تَشَاءُونَ إِلَّا أَن يَشَاءَ اللَّـهُ رَ‌بُّ الْعَالَمِينَ (٢٩)﴾  ( التکویر)

[’’ اور تم بغیر پروردگارِ عالم کے چاہے کچھ نہیں چاہ سکتے۔‘‘ ]مگر اس سے آج تک کبھی کسی نے نہ سمجھا اور نہ کہا کہ میں گھر سے نکل کر دکان یا کارخانے یا دفتر اپنی مشیت، اپنے ارادے اور اختیار و قدرت کے بغیر گیا، کسی نے اس کو جبر قرار نہیں دیا۔ بالکل اسی طرح انسان کی ہدایت و ضلالت والا معاملہ کہ اس کی ہدایت و ضلالت اس کے اپنے ارادے اور اختیار و قدرت سے ہے، باقی اللہ تعالیٰ کی مشیت کے انسان کی ہدایت و ضلالت کے ساتھ تعلق سے انسان کے ارادے اور اختیار و قدرت کی نفی نہیں نکلتی اور نہ ہی اس سے جبر لازم آتا ہے، اوپر والی مثال پر غور فرمالیں۔

پھر یُضِلُّ اللّٰہُ مَنْ یَّشَآء اور یَھْدِیْ مَنْ یَّشَآء کو اللہ تعالیٰ نے دوسری آیات میں واضح فرمادیا ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:

﴿ اللَّـهُ يَجْتَبِي إِلَيْهِ مَن يَشَاءُ وَيَهْدِي إِلَيْهِ مَن يُنِيبُ (١٣)﴾ (الشوریٰ)

[ ’’ اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے اپنا برگزیدہ بناتا ہے اور جو بھی اس کی طرف رجوع کرے، وہ اس کی صحیح رہنمائی کرتا ہے۔‘‘ ] ایک اور مقام پر ہے:

﴿الَّذِينَ يَسْتَمِعُونَ الْقَوْلَ فَيَتَّبِعُونَ أَحْسَنَهُ ۚ أُولَـٰئِكَ الَّذِينَ هَدَاهُمُ اللَّـهُ ۖ وَأُولَـٰئِكَ هُمْ أُولُو الْأَلْبَابِ (١٨)﴾ (الزمر)

[ ’’ جو بات کو کان لگاکر سنتے ہیں، پھر جو بہترین بات ہو، اس کا اتباع کرتے ہیں یہی ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے ہدایت کی ہے اور یہی عقلمند بھی ہیں۔‘‘ ]ایک اور مقام پر ہے:

﴿وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا ۚ (٦٩)﴾ ( العنکبوت)

[’’اور جو لوگ ہماری راہ میں مشقتیں برداشت کرتے ہیں، ہم انہیں اپنی راہیں ضرور دکھادیں گے۔‘‘] ایک اور مقام پر ہے:

﴿وَيَهْدِي إِلَيْهِ مَنْ أَنَابَ

ایک اور مقام پر ہے:

﴿وَيُضِلُّ اللَّـهُ الظَّالِمِينَ ۚ

ایک اور مقام پر ہے:

﴿وَمَا يُضِلُّ بِهِ إِلَّا الْفَاسِقِينَ

ایک اور مقام پر ہے:

﴿وَاللَّـهُ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الْكَافِرِ‌ينَ

سائل صاحب نے سوال کیا کہ انسان قصور وار کیوں؟ تو جنابِ محترم! انسان قصور وار اس لیے کہ ا س نے اپنی مشیت ، اپنے ارادے اور اختیار سے بلاجبر و اکرا ہ اپنے ظلم و فسق کی بنا پر ضلالت و گمراہی کو اختیار کیا اور اپنایا۔ واللہ اعلم۔


فتاویٰ علمائے حدیث

جلد 09 ص 

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ